بیگم نصرت بھٹو نے جمہوریت پسندوں کو آمریت کیخلاف متحد کیا، بلاول

107

کراچی (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی سابق خاتون اول مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کے بعد اپنے ذاتی دکھ کو بھلا کر قوم کی آئندہ نسلوں کے روشن مستقبل کی خاطر پارٹی کارکنان سمیت پاکستان بھر کی جمہوریت پسند قوتوں کو آمریت کیخلاف ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا اور ایک تاریخی تحریک کی قیادت کی، وہ ہمت و شجاعت کا پیکر تھیں، ان کی جمہوریت کیلیے جدوجہد اور قربانیاں تاریخ کا ناقابل فراموش باب ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے بیگم نصرت بھٹو کی برسی آج سادگی اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔ بیگم نصرت بھٹو کی نویں برسی کے موقع پر بیان میں بلاول زرداری نے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس مشن کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کیلیے سرگرمِ عمل رہے گی جس کی خاطر مادرِ جمہوریت نے جدوجہد کی اور مصائب برداشت کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو پروقار، حوصلہ مند اور تاریخ ساز شخصیت تھیں، جو جیالوں اور عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔