لاڑکانہ، پولیس مقابلے میں اے ایس آئی سمیت اہلکار زخمی

282

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کے قریبی گاؤں نئوں آباد کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ، پولیس اے ایس آئی سمیت اہلکار زخمی ہو گئے، پولیس کسی بھی ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی، زخمی پولیس افسر و اہلکار کو طبی امداد کے لیے چانڈکا اسپتال لایا گیا تو ڈاکٹرز ہی موجود نہ تھے۔ ایس ایس پی کا ایم ایس سے رابطہ، فون کال کر کے ڈاکٹرز منگوائے گئے۔ الہٰی بخش سیال کی حدود میں گاؤں نئوں آباد کے قریب جتوئی برادری کے ڈاکوئوں کیخلاف آپریشن کے دوران مبینہ پولیس مقابلے میں ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود بنگش کے پرسنل اسٹاف آفیسر اے ایس آئی مظفر خالدی اور پولیس اہلکار احسان جھتیال زخمی ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بدنام زمانہ ڈاکو بھوشی جتوئی اور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے پولیس آپریش جاری تھا، جس کے دوران مبینہ طور پر جتوئی برادری کے ملزمان کی فائرنگ سے پولیس افسر اور اہلکار زخمی ہوئے جبکہ پولیس موبائل پر بھی فائرنگ کی گئی، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات لایا گیا، جہاں ڈیوٹی ڈاکٹرز ہی موجود نہ تھے جس پر ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود بنگش نے اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور ایم ایس سے رابطہ کر کے ڈاکٹرز منگوائے۔ دوسری جانب پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے آپریشن اور فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا تاہم کوئی کامیابی نہ مل سکی۔