ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) اسسٹنٹ کمشنر ٹھٹھہ نظام الدین جتوئی کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سوشل ویلفیئر ٹھٹھہ کے مشترکہ تعاون سے بزرگ شہریوں کے حقوق اور سندھ سینئر سٹیزن ویلفیئر ایکٹ 2014ء کی آگاہی کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس سے پریس کلب مکلی تک ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نیاز احمد میمن، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خدا بخش بہرانی، محکمہ ریونیو، لوکل گورنمنٹ، پولیس، انفارمیشن، اسپیشل ایجوکیشن و دیگر مختلف محکموں کے افسران و عملے کے علاوہ ایس آر او، ڈبلیو ڈبلیو ایف، سرسو، ہینڈز، این آر ایس پی، ڈی ای پی ڈی، مسلم ہینڈز و دیگر مختلف مقامی و غیر مقامی این جی اوز اور سول سوسائٹی کے نمائندوں اور صحافی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خدا بخش بہرانی نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ سینئر سٹیزن ویلفیئر ایکٹ 2014ء پر عملدرآمد کرتے ہوئے اس قانون کے تحت تمام متعلقہ محکموں کے افسران پر یہ ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ بزرگ شہریوں کے بنیادی حقوق کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر اپنے حقوق دیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی طور پر بزرگ شہریوں کو صحت، سفری، بینکس اور معاشرے میں زندگی گزارنے کے لیے ضروری سہولیات دی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ایکٹ کے تحت بنائی گئی کونسل کی جانب سے بزرگ شہریوں کو سینئر سٹیزن کارڈ جاری کیے جائیں گے تاکہ 60 سال کی عمر کے بزرگ شہری 20 فیصد رعایت سمیت اپنے تمام حقوق حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ سینئر سٹیزنز کا دن پوری دنیا میں منایا جاتا ہے، ان بزرگ شہریوں کے حقوق کے حصول کے لیے حکومت سندھ نے سندھ سینئر سٹیزن ویلفیئر ایکٹ 2014ء منظور کیا جس کے تحت بزرگ شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق ملنے چاہییں۔ اس موقع پر منیجر ہینڈز عروج، پروجیکٹ کوآرڈینیٹر ایس آر او عرفان علی سموں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مریم سومرو، ڈسٹرکٹ منیجر سرسو احمد سومرو اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔