اسلام آباد (آن لائن/ اے پی پی) عدالت عظمیٰ نے جعلی کاغذات پر زمین فروخت کیس میں مختار کار پرویز ملک اور تپیدار جمال دین کی ضمانت قبل از گرفتاری 20 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور کرتے ہوئے نیب کو نوٹس جاری کر دیے۔ کیس کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ دریں اثنا عدالت عظمیٰ نے کراچی چائنا کٹنگ میں ملوث ملزم جاوید اقبال کے خلاف نیب کی جانب سے اس کے ساتھی وسیم کو وعدہ معاف گواہ بنانے کے خلاف دائر درخواست خارج کردی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے درخواست گزار کو ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔ علاوہ ازیں عدالت عظمیٰ میں سرکاری زمین لیز پر حاصل کر کے سرکاری محکمے کو بیچنے والے ملزم کی کرپشن سے متعلق کیس کی سماعت کے موقع پر پراسیکیوٹر نیب کی طرف سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم کو ٹیلی فون ریکارڈ سے گرفتار کر لیا گیا ہے‘ ملزم پلی بارگین کے لیے تیار ہو چکا ہے۔