واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے عالمی پابندیاں ختم ہوتے ہی ایران پر خودساختہ پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا۔ وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ ایران سے اسلحہ کے لین دین پر اقوام متحدہ کی پابندیاں بحال کر دی گئی ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں پر بھی پابندیاں لگانے کے لیے تیار ہیں۔ پومپیو نے کہا کہ امریکا نے اگست میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو ایران کی جانب سے 2015 ء کے جوہری معاہدے کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا تھا، جس کے بعد ایران پر عائد اقوامِ متحدہ کی تمام پابندیاں گزشتہ ماہ ہی بحال ہو گئی تھیں۔ واشنگٹن ایران کو اسلحہ کی فروخت یا کسی بھی مدد کرنے والے ادارے کو نشانہ بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے والا کوئی ملک ہی کیوں نہ ہو، اسے کشیدگی اور تنازع کو ہوا دینے والا اور دشمن تصور کیا جائے گا۔ دوسری جانب ایران نے کہا ہے کہ وہ اپنے دفاع کے معاملے میں خود کفیل ہے اور اسلحہ کی خرید و فروخت سے متعلق اقوامِ متحدہ کی پابندی ختم ہونے کے باوجود اسے کسی دوسرے ملک سے ہتھیار خریدنے کی ضرورت نہیں۔وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے دفاع کی بنیاد عوام پر انحصار اور اپنی صلاحیتوں پر بھروساہے۔ جواد ظریف نے کہا ہے کہ دفاعی تعاون کا راستہ کھل گیا ہے۔