کراچی: مریم نواز کے شوہر کیپٹن صفدر گرفتار

669

مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو مزار قائد کے تقدس کی پامالی کے مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا.

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو مزار قائد کے تقدس کی پامالی کے مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا ہے، کیپٹن صفدر سمیت 200 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ شہری وقاص کی مدعیت میں درج کیا گیا.

مقدمے میں کیپٹن صفدر کے خلاف مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی، جان سے مارنے کی دھمکی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل ہیں.

پولیس کے مطابق کیپٹن صفدر کے خلاف مقدمہ بریگیڈ تھانے میں درج ہے اور انہیں گرفتار کرکے تھانہ عزیز بھٹی میں رکھا گیا ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو آج کورٹ میں پیش کرنےکا فیصلہ ابھی نہیں ہوا.

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے شوہر کی گرفتاری سے متعلق اپنے پیغام میں کہا کہ پولیس نے ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑ کیپٹن صفدر گرفتار کیا.

واضح رہے کہ پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کے لیے آنے والی مریم نواز جب مزار قائد پہنچیں تھیں تو اس موقع پرکیپٹن (ر) صفدر نے ووٹ کو عزت دو اور مادر ملت زندہ باد کے نعرے لگوائے تھے ۔

گزشتہ روز تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی راجا اظہر نے مریم نواز اورکیپٹن (ر)صفدر سمیت دیگر مسلم لیگ ن کے دیگر رہنمائوں کے خلاف مزار قائد کا تقدس پامال کے الزام میں مقدمہ درج کرانے کی درخواست دی تھی۔ بریگیڈ تھانے میں دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز، کیپٹن صفدر اور مریم اورنگزیب سمیت دیگر 200افراد نے مزار قائد کے احاطے میں سیاسی نعرے بازی کی جس سے مزارکا تقدس پامال ہوا،جبکہ مریم نواز کے ساتھ آنے والے افراد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے روکنے کے باوجود مزار کی گرل کود کر اندر داخل ہوئے ۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان افراد کے خلاف مزار قائد کا تقدس پامال کرنے اور کار سرکار میں مداخلت کے الزام میں مقدمہ درج کیا جائے۔ راجا اظہر کی درخواست بریگیڈ تھانے کے اے ایس آئی محبوب عالم نے وصول کی تاہم رات گئے ا س تک مقدمے کا اندارج نہیں کیا گیا جبکہ راجا اظہر اور حلیم عادل سمیت تحریک انصاف کے دیگر رہنما اور کارکنان تھانے کے باہر موجو د تھے۔