کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے ملک میں عوام کی حکمرانی اور حقیقی جمہوریت کی جنگ لڑنی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان کی تمام جمہوری طاقتوں نے یہ جنگ لڑنی ہے جبکہ ایک، ایک کرکے عوام کا تحفظ کرنے والے ادارے کھوکھلے کیے جا رہے ہیں اور غریبوں کے چولہے بجھ رہے ہیں۔
میڈیا کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ عزت سے زندگی گزارنے کی آزادیوں کا ضامن جمہوری نظام ہے جبکہ عدلیہ پر دباؤ، میڈیا پر تالا اور پارلیمان میں بولنے کی اجازت نہیں ہے اور تمام آوازوں کا گلا گھونٹا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ‘ڈمی’ وزیراعلیٰ لگا کر صوبے کی عوام کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے جبکہ سندھ کے حقوق پر ڈاکے ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور سندھ کو این ایف سی ایوارڈ کا 300 ارب نہیں دیا گیا۔
بلاول بھٹو کا کہناتھا کہ سلیکٹڈ کو مہنگائی کی خبر ٹی وی سے ملتی ہےجبکہ اس کو نہیں پتا کہ کشمیر کے وزیراعظم کے خلاف غداری کا مقدمہ درج ہوا ہے اور سلیکٹڈ کو عوام کی بھوک اور غصہ نظر نہیں آتا۔