اپوزیشن کے کھیل سے حکومت نہیں نظام رخصت ہو سکتا ہے، پی ٹی آئی رہنما

136

ملتان ‘اسلام آباد‘کراچی(مانیٹر نگ ڈ یسک + صباح نیوز+اسٹاف رپورٹر)پی ٹی آئی رہنمائوں نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے کھیل سے حکومت نہیں نظام رخصت ہو سکتا ہے۔ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اداروں کو سیاست میں گھسیٹنا پاکستان کے مفاد میں نہیں، آپ اپنے مقاصد کے لیے قومی اداروں اور جمہوریت کو نقصان نہ پہنچائیں، یہ جو کھیل کھیل رہے ہیں اس سے نظام تو رخصت ہوسکتا ہے مگر ہاتھ کچھ نہیں آئے گا وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے اتوار کو ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا کہ نواز شریف کا بیانیہ اپنی ذاتی دولت اور خاندان کو بچانے کے لیے ہے اس کی وجہ سے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے کئی ارکان ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں اور جو بیانیہ نوازشریف نے لیا ہے وہ با لکل اس کو شیئر ہی نہیں کرتے۔گوجرانوالہ جلسے کے بعد اپوزیشن کے غبارے سے ہوا نکل گئی ہے اس سے ہم مضبوط ہوئے ہیں، ہم چاہتے ہیں یہ کراچی اور بلوچستان میں بھی ایکسپوز ہوں اور جلسے کریں ، ہم ان کو سہولت فراہم کریں گے، اگر یہ چاہتے ہیں تو ہم پشاور میں بھی ان کے لیے جلسہ کر دیں گے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کراچی میں وفاقی وزیر علی زیدی کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ نواز شریف کو ہر جگہ سے ناکامی کے بعد جمہوریت یاد آئی ہے،نواز شریف کے بھائی اور پارٹی کے لوگ این آر او مانگتے رہے ہیں، نواز شریف بھاگ کر لندن میں بیٹھ گئے ہیں،ہر جگہ سے ناکامی کے بعد انہیں جمہوریت یاد آئی، ان کا بیانیہ اب کہیں بکنے والا نہیں، وہ سزایافتہ مجرم ہیں اور سوالات پوچھنے والے ہوتے کون ہیں؟ ان کا مسئلہ کسی فرد کے ساتھ نہیں بلکہ اداروں کے ساتھ ہے، ان کی تقاریر سول بالادستی اورجمہوریت کے لیے نہیں بلکہ اپنی کرپشن بچانے کے لیے ہے، نوازشریف کی تنقید ان اداروں پرہے جوان کی اطاعت نہیں کرتے۔علی حیدر زیدی نے کہا کہ سب سے زیادہ غربت سندھ میں ہے اور سندھ کے حکمران سب سے زیادہ امیر ہیں، جو بانی متحدہ نے کراچی کے ساتھ کیا، وہی کچھ اندرون سندھ میں آصف زرداری کرتے ہیں، بلاول زرداری نے زندگی میں کبھی ایک دن دفتر میں بیٹھ کر کام نہیں کیا۔ احتساب کا نام ہی جمہوریت ہے۔