لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا ہے کہ طبلِ جنگ بج چکا ہے‘نواز شریف کھل کر سامنے آگئے‘ ان کے ساتھ وہی ہوگا جو الطاف حسین کے ساتھ ہوا ہے‘ نواز شریف کا لندن سے سیاسی جنازہ آئے گا‘ (ن) لیگ بھارت سے پیسے لے کر انتشار پھیلانا چاہتی ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف اشتہاری مجرم ہیں‘ گزشتہ روز انہوں نے11 بار قمر جاوید باجوہ کا نام لیا‘ ملک میں جمہوریت فوج کی بدولت ہے‘ پاک فوج ملک میں امن و استحکام کی ضامن ہے‘ یہ اداروں میں تصادم چاہتے ہیں‘ اب نوازشریف کی سیاست دوبارہ پاکستان میں نہیں آئے گی بلکہ ان کا سیاسی جنازہ ہی لندن سے آئے گا۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان کا کوئی آرمی چیف ایسا نہیں رہا جس سے نواز شریف نے ٹکرا ئونہ کیا
ہو‘ نواز شریف کھل کر سامنے آگئے‘ اب ان سے کھل کر سیاست ہوگی‘ ن لیگ ٹوٹ کر رہے گی اور کوئی وجہ نہیں نون سے شین نہ نکلے‘ واضح الفاظ میں کہہ رہا ہوں31 دسمبر سے 20 فروری تک آپ کے 15 لوگ آپ کی جماعت چھوڑ جائیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف کی استنبول کے ایک ہوٹل میں ہونے والی ملاقات سے واقف ہوں لیکن کچھ کہنا نہیں چاہتا کیونکہ پہلے بھی ملاقاتوں کا بتاکر مشکل میں پڑگیا تھا‘ (ن) لیگ ملک دشمنوں کے ایجنڈے پرکام کرے تواس پر پابندی لگنی چاہیے۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ نوازشریف وہ کھیل کھیل رہے ہیں جو عالمی ایجنڈا ہے‘ انہیں اندازہ ہی نہیں یہ کیا کھیل کھیل رہے ہیں‘ نوازشریف بانی ایم کیو ایم ٹو بن گئے ہیں‘ نوازشریف اشتہاری مجرم ہیں، ان کا ایک نکاتی ایجنڈا تھا کہ مریم کو لندن آنے دیا جائے‘ ان کی تقریر کو بھارت میں دکھایا گیا، بھارت میں بانی ایم کیو ایم کو وہ کوریج نہیں ملی جو نوازشریف کو ملی‘ اگر نوازشریف کا یہی رویہ رہا تو اگلے 5 سال بھی عمران خان کی حکومت ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کا جلسہ ناکام ترین جلسہ تھا‘ 18 شہروں سے صرف 20 سے 22 ہزار لوگوں کو جمع کیا جاسکا۔