گلگت(اے پی پی) چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے انتخابات سے قبل ہی میڈیا میں دھاندلی کے الزامات لگانا باعث
تشویش ہے اور یہ عمل کسی صورت درست نہیں،انتخابات کے لیے ابھی پورا ایک ماہ باقی ہے ۔چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کا کہنا ہے کہ انتخابات 2020 کا انعقاد ہر صورت صاف، شفاف،آزادانہ،منصفانہ اور غیر جانبدارانہ ہوں گے اور اس سلسلے میں ہم نے گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی بار 3 مرتبہ آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کرایا جس کا تمام پارٹیوں کے سربراہان نے الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے اس اقدام کو زبردست سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ انتخابات 2020ء آزادانہ،غیر جانبدارانہ اور صاف و شفاف ہونگے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی امیدوار کو اہل یا نااہل قرار دینا عدالتی معاملہ ہے اور کسی کو بھی عدالتی معاملات میں مداخلت کرنے کی ہرگز اجازت نہیں۔قبل از وقت ایسے بیانات اور الزامات سے صاف و شفاف انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہوگا ۔لہٰذا تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے سربراہان ذمے داری کا مظاہرہ کریں۔