کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ پہلے اپوزیشن FATF قوانین کی آڑ میں حکومت کو بلیک میل کر کے NRO کی ناکام کوشش کر رہی تھی‘ اس کے بعد نواز شریف ہرکارے بھیج کر سیاسی بھیک کے لیے اداروں سے مداخلت کی درخواست کر رہے تھے‘ اب ناکامی کے بعد ان کو فوجی قیادت جمہوریت دشمن لگنا شروع ہو گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے آج سے چند ہفتے پہلے سیاسی بھیک کے پیغام بھجوائے تھے ‘کیا اس وقت نواز شریف کو نہیں پتا تھا کہ ملک میں 4 دفعہ مارشل لا لگا تھا یا یہ خبر ان کو لندن پہنچنے کے بعد پتا چلی؟ اسد عمر نے مزید کہا کہ کاش فوجی قیادت پر بدترین الزامات لگاتے اور پاک فوج کے بارے میں بھارتی بیانیہ آگے بڑھاتے ہوئے میاں صاحب کو وہ فوجی بھی یاد آ جاتے جو اپنی جان اس ملک پر نچھاور کرتے ہیں‘ ہمیں محفوظ رکھنے کے لیے اپنی جان کے نذرانے پیش کرتے ہیں اور اپنے گھر میں بیوہ اور یتیم چھوڑ جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کیسا سیاست دان ہے جو کلبھوشن یادیو کا نام نہیں لیتا لیکن دنیا میں پاک فوج کی قیادت کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے نہیں تھکتا جو نریندر مودی کو اپنے گھر بلاتا ہے اور دیارِ غیر میں اپنے ملک کی فوج کو بدنام کرتا ہے جو آر ایس ایس کے خلاف نہیں بولتا لیکن اپنی فوج کے خلاف زہر اگلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم پاک فوج کے ساتھ ہے‘ ملک کے عسکری ادارے پر تنقید کسی صورت برداشت نہیں‘ملک اس وقت ایماندار حکمران کے ہاتھوں میں ہے اور جلد ہی وزیر اعظم عمران خان ملک سے کرپشن کرنے والوں اور کرپشن کا خاتمہ کردیں گے۔