کراچی ( اسٹاف رپورٹر) اولمپئین اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی کی باگ ڈور ڈی ایم سی سینٹرل سنبھالے گی، نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ میںسرکاری زمین پر قائم اکیڈمی کے دروازے عام افراد اور ہاکی کلبز کے لیے کھول دیے جائیں گے، ذرائع کے مطابق اکیڈمی کا انتظام چلانے کے لیے اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے، ڈپٹی کمشنر ڈسٹرکٹ سینٹرل کراچی راجہ دھاریجو نے عملہ کے ہمراہ اکیڈمی کا دورہ کیا، اس موقع پراسسٹنٹ کمشنرز ، کے ایچ اے کے چئیر مین گلفراز احمد خان، سینئیر نائب صدر ایس ایس پی اعجاز الدین ،علاقہ مکینوں کے نمائندے اور اکیڈمی کے ذمہ داران سمیت دیگر بھی موجود تھے،واضح رہے کہ ڈی ایم سی سینٹرل نے پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپئین اصلاح الدین صدیقی سے قبضہ کیا گرائونڈ واپس مانگ لیا ہے، ڈائریکٹر کلچرل اینڈ اسپورٹس اینڈ ریکریشن نے جاری کردہ نوٹس میں نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ میں قائم ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی گرائونڈ ڈی ایم سی کے حوالے کرنے کی ہدایت کی ہے، ڈی ایم سی سینٹرل کی ملکیت پر نجی اسٹیڈیم قائم کیا گیا ہے ۔دوسری جانب سیکریٹری اسپورٹس ایند یوتھ افئیرز سید امتیاز علی شاہ اور چیف انجینیئر اسلم مہر کا کہنا ہے کہ اکیڈمی سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے،مزکورہ زمین اور اس پر قائم غیرقانونی دکانوں کی تعمیر سے بھی ہمارا کوئی لینا دینا نہیں۔