لاہور: نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز جاتی امراء سے ریلی کی صورت میں گوجرانوالہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ جلسے کے لئے روانہ ہو گئ ہیں۔
میڈیا کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور کیپٹن صفدر کی اہلیہ مریم نواز نے روانگی سے قبل پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج 22 کروڑ عوام کے حقوق کے لیے نکلے ہیں اور گوجرانوالہ کے عوام، بھائی، بہنیں ہمارے قافلے میں شامل ہوں۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم محنت کشوں، تاجروں، بے روزگاروں، نوجوانوں اور خواتین کے حقوق کے لیے باہر نکل رہے ہیں اور ہم عوام کے ووٹ کو عزت دلانے کے لیے نکلے ہیں۔
نائب صدر مسلم لیگ (ن) کا کہناتھا کہ پولیس اور انتظامیہ عوام کے راستے میں نہ آئیں، ہم عوام کی ہی نہیں آپ کے حقوق کی بھی جنگ لڑ رہے ہیں جبکہ پولیس اور انتظامیہ نے آئین اور قانون کی پاسداری کا حلف اٹھایا ہے کسی جعلی حکمراں کے تحفظ کا نہیں اور سب لوگ قانون اور آئین کی جنگ میں ہمارے قافلے میں شامل ہوں۔
دوسری جانب گوجرانوالہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ جلسے کے لیے مختلف شہروں سے قافلے پہنچ رہے ہیں، پیپلز پارٹی چیرمین بلاول بھٹو کا قافلہ لالہ موسیٰ کے قریب پہنچ گیا ہے دوسری طرف مریم نواز کا قافلہ شاہدرہ کے قریب پہنچ گیا ہے۔
واضح رہے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری اپنے ایک پیغام میں مریم نواز نے کہا ہے کہ ہمیں 45منٹ میں اپنی رہائش گاہ کے مین گیٹ تک پہنچنے میں لگے۔