کراچی/اسلام آباد/راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر+مانیٹرنگ ڈیسک) نیب نے جعلی اکائونٹس کیس سے منسلک 8 ارب روپے کے مشکوک ٹرانزیکشنز کیس میںآصف زرداری کے وارنٹ جاری کردیے ۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے وارنٹ پر دستخط کیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نیب کو جعلی اکاؤنٹس کیس میں تفتیش کے لیے مطلوب ہیں۔ واضح رہے کہ سابق صدر نے احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس و منی لانڈرنگ کیس، ٹھٹھہ واٹر سپلائی کیس اور پارک لین کیس کے ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی بھی استدعا کی تھی تاہم عدالت نے ان کی استدعا کو مسترد کردیا۔اس کے علاوہ انہوں نے احتساب عدالت سے میگا منی لانڈرنگ کیس خارج کرکے اس میں بریت کی بھی استدعا کی ہے۔دوسری جانب اسلام آباد بائیکورٹ نے آصف علی زرداری کے
خلاف 8 ارب روپے سے زائد مشکوک ٹرانزیکشن ریفرنس میں عبوری ضمانت میں 5 نومبر تک توسیع کردی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت کی۔آصف علی زرداری کی جانب سے فاروق ایچ نائیک اور جاوید اقبال ایڈووکیٹ جبکہ نیب کی پروسیکیوشن ٹیم بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئی۔دوران سماعت وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف علی زرداری کی حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر بیٹھتے ہیں تو کھڑا نہیں ہوا جاتا۔بعدازاں عدالت نے آصف زرداری کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 5 نومبر تک توسیع دے دی۔ علاوہ ازیں نیب راولپنڈی نے جعلی اکائونٹس اسکینڈل کے ملزم شفقت ممتاز کو گرفتار کرلیا۔ملزم کو کراچی سے حراست میں لیا گیا،راہداری ریمانڈ کے بعد اسلام آباد منتقل کیا جائے گا۔ادھر پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو اور سعید غنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کے وارنٹ جاری ہونے سے گھبرانے والے نہیں،سابق ایم این اے اورایم پی اے اب پیپلز پارٹی میں شامل ہونا شروع ہوگئے ہیں اور جلد ہی دیگر سیاسی جماعتوں کی بڑی وکٹیں بھی گرنے والی ہیں، ہم سیاسی جدوجہد میں ہیں کیونکہ اس وقت جمہوریت سوالیہ نشان بن گئی ہے،آج ایم کیوایم پاکستان کے سابق رکن قومی اسمبلی علی راشد متحدہ کو چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ پی ڈی ایم کراچی سمیت ملک بھر میں حکومت مخالف احتجاجی تحریک جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کواپنی ساکھ گرتی دکھائی دے رہی ہے۔اب کہہ رہے ہیں کورونا پھیل جائے گا۔ہم مشرف کے پیرو کار نہیں ،قانون کے مطابق احتجاج کررہے ہیں۔نثار کھوڑو نے کہا کہ ہم نے اس حکومت کو 2 سال پرکھا ہے۔آج ڈی چوک پر ملازمین احتجاج کررہے ہیں، حکومت ناکام ہوچکی ہے۔سعید غنی نے کہا کہ نیب نے آصف علی زرداری کے وارنٹ جاری کیے ہیں۔ نیب کو بتانا چاہتا ہوں کہ آصف علی زرداری نہ پہلے کبھی گھبرائے ہیں نہ اب گھبرائیں گے۔ چیئرمین نیب نے ہماری بات کودرست کہاکہ یہ نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے۔پیپلز پارٹی میں شامل والے ہونے سابق رکن قومی اسمبلی علی راشد نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے کراچی بنایا ہے اور مجھے ان میں سیاسی ول نظر آرہی ہے۔