۔31 دسمبر سے پہلے جھاڑو پھر جائے گا ، شیخ رشید

425
APP20-15 BAHAWALPUR: October 15 - Federal Minister for Railways Sheikh Rashid Ahmed addressing during inauguration of Railway Station. APP photo by Hassan Bukhari

 

بہاولپور(خبر ایجنسیاں)وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 8سے 15 آدمی اپوزیشن کو چھوڑ جائیں گے اور 31 دسمبر سے پہلے پہلے جھاڑو پھرجائے گا۔ کوئی کہہ رہا ہے حکومت دسمبر میں جا رہی ہے اور کوئی جنوری کا کہہ رہا ہے، ہم کہیں نہیں جارہے، ہم پکے 5 سال کیلیے آئے ہیں ۔ اپوزیشن کو گوجرانوالہ میں جلسہ کرنے کی اجازت مل گئی ہے یہ جلسہ کریں لیکن اگر کوئی پاک فوج کے خلاف بات کرے گا تو اس کی زبان گدی سے کھینچ لی جائے گی، یہ وہ عظیم فوج ہے جس نے پاکستان کو بچایا ہے ۔آج اس ملک کے خلاف انٹرنیشنل سازش ہو رہی ہے کہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کیا جائے۔ اس ملک کو وہ عدم استحکام کا شکار کررہے ہیں جو خود لندن میں بیٹھے ہیں اور لوگوں کو کہتے ہیں کہ آپ سڑکوں پر نکلیں۔بلاول زرداری آج (جمعہ) کو
لاہور آرہا ہے بڑے شوق سے آئیں، یہ بڑے سمجھدار لوگ ہیں، سندھ حکومت ختم نہیں کریں گے اور استعفے نہیں دیں گے۔ (م)میں سے(ش)کے آٹھ سے 15آدمیوں کا ضمیر جاگے گا اور نعرہ مار کے وہ باہر نکلیں گے پھر میں دیکھتا ہوں استعفے کون دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار شیخ رشید احمد نے بہاولپور ماڈل ریلوے اسٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جس کے چہرے کے نور آجاتا ہے جیسے شاہد خاقان عباسی کے، اس کا کیس سیریس ہو جاتا ہے۔ آصف زرداری کوپتا ہے جیل کب جاناہے،اسپتال کب جانا ہے اور گھر کب جانا ہے، پیشہ وارانہ طور پر آصف زرداری نے ان کیسز کے بارے میں ماسٹرز ڈگری کی ہوئی ہے۔ سورج مشرق کی بجاے مغرب سے نکل آئے عمران خان ان کو نہیں چھوڑے گا، عمران خان کواقتدار چھوڑنا پڑے اقتدارچھوڑ دے لیکن ان کو جیلوں میں ٹھونس کر رہے گا اور ساری قوم کا یہی مطالبہ ہے کہ چوروں کو جیلوں میں بھیجیں۔ عمران خان کرپٹ لیڈرز کے خلاف جہاد کررہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کے کرائے میں کوئی کمی نہیں ہو سکتی جس نے جہاز پر جانا ہے جائے ، جہاز کا کرایہ بھی سات ہزار ہے اور ٹرین کا کرایہ بھی سات ہزار ہے ہم ریلوے کا خسارہ دور کرنے آئے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان میرے پیر بھائی ہیں، فضل الرحمان ہمیں دسمبر میں جاتا دیکھ رہے ہیں جبکہ میں مارچ میں عمران خان کو سینیٹ کے ٹکٹ تقسیم کرتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔