گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کا جلسہ آج ہوگا ؟ رکاوٹیں کام نہیں آئیں گی ، ن لیگ

182

 

لاہور/ گوجرانوالہ/ نارووال (نمائندہ جسارت+ آن لائن) گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کا جلسہ آج ہوگا‘ ن لیگ کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ گرفتاریاں جاری رہیں تو حالات کے ذمے دار عمران خان ہونگے جبکہ سینئر نائب صدراور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ کنٹینر اور رکاوٹیں کام نہیں آئیں گی، حکومت نے مجبور ہوکر جلسے کی اجازت دی جبکہ لیگی رہنماؤں رانا ثناء اللہ اور پرویز رشید نے گوجرانوالہ اسٹیڈیم عوام سے بھرنے کا وزیر اطلاعات شبلی فراز کا چیلنج قبول کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کا جلسہ آج ہوگا اس حوالے سے ن لیگ کی جانب سے حکمت عملی تیارکرلی گئی ہے،جبکہ حکومت کی جانب سے چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ن لیگ کی سینئر نائب
صدرمریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت جتنے چاہے ن لیگی رہنمائوں اور کارکنوں کو گرفتار کرلے گوجرانوالہ میں جلسہ بہر صورت ہوگا۔ ن لیگی رہنما اور کارکن گرفتاریوں سے گھبرانے والے نہیں جبکہ حکومت کے خلاف اپوزیشن کی جماعتوں کی احتجاجی تحریک کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹرانسپورٹروں پر بھی دبائو ڈال رہی ہے ۔اگر لیگی رہنمائوں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہا تو پیدا ہونے والی صورتحال کی ذمے داری عمران خان پر عاید ہوگی۔ ن کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کنٹینر اور رکاوٹیں کام نہیں آئیں گی، آج جمہوریت کی فتح ہوگی،جلسے میں کئی لاکھ لوگ ہوں گے، حکومت نے مجبور ہوکر آج صبح 5 بجے جلسے کی اجازت دی، معاشی بدحالی،آٹا چینی مہنگاہوچکا ہے، حکومت ناکام ہوچکی ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کی جانب سے دیے گئے چیلنج کو قبول کرتے ہیں ۔گوجرانوالہ میں ہونے والے جلسے میں عوامی سمندر ہوگا ، سینیٹر پرویز رشید نے شبلی فراز کے چیلنج کو قبول کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اگر اسٹیڈیم عوام سے بھر گیا تو اس کے کتنی دیر بعدشبلی فراز استعفا دیں گے واضح رہے کہ وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا تھا کہ اپوزیشن کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ اسٹیڈیم کو بھر کر دکھائے۔علاوہ ازیں ن لیگ کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کیا کہا ہے کہ میں نارووال سے خود ن لیگ کے شیروں کے ساتھ جائو ںگا اور اپنے قافلے کی قیادت کروں گا، رکاوٹوں کی فکر نہیں کیونکہ رکاوٹیں ڈالنے والوں کی کہانی ختم ہونے والی ہے ۔ گوجرانوالہ کا جلسہ عمران نیازی حکومت کی پیدا کردہ مہنگائی ،بے روزگاری، غربت اور ملک کی معاشی تباہی کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوگا۔