سکھر شہر میں صفائی اور نکاسی آب کا نظام تباہ و برباد ہے، سعید اعوان

226

سکھر (نمائندہ جسارت) تنظیم پاکستانی کے سربراہ ڈاکٹر سعید اعوان نے کہا ہے کہ سکھر وعدوں اور دعوئوں کا نمبر ون شہر بن گیا۔ ماہ ربیع الاول کی آمد آمد ہے، شہر میں صفائی اور نکاسی آب کا نظام تباہ و برباد ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبے کچھوے کی چال چل رہے ہیں۔ محکمے ایک دوسرے پر الزامات لگا رہے ہیں۔ ربیع الاول کے مرکزی اور چھوٹے بڑے جلوسوں اور ریلیوں کے گزرنے والے روڈ اور گلیوں کی بہتری کے انتظامات کی ضرورت ہے۔ سکھر شہر کی حالت زار پر صوبائی وزیر، صوبائی اسمبلی کے ممبران، ایڈمنسٹریٹر کے روزانہ دورے اور اجلاس بھی عوام کو ریلیف نہیں دے سکے۔ آخر عوام جائیں تو جائیں کہاں، سکھر کے کمشنر شفیق احمد مہیسر اور ڈپٹی کمشنر رانا عدیل تصور بہترین انتظامی افسران ہیں، ان سے درخواست ہے کہ ماہ ربیع الاول کی آمد سے قبل شہر کی حالت زار کو بہتر بنانے کے لیے تمام محکموں کا ایمرجنسی اجلاس طلب کریں، کارکردگی نہ دکھانے والے محکموں کیخلاف ایکشن لیں۔ ڈاکٹر سعید اعوان نے مزید کہا کہ حضرت محمد مصطفیﷺ کی آمد نے پوری انسانیت کو بقا اور عظمت عطا فرمائی۔ دنیا عالم کی تاریکیاں آپﷺ کی آمد سے روشنیوں میں تبدیل ہوگئیں۔ آقا دو جہاں رحمت اللعالمین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت با سعادت پر غلامان مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم اور فرزندان توحید جلسے، جلوس، ریلیوں، محافل کا انعقاد شایان شان طریقے اور ایمانی جذبے سے کرتے ہیں۔