این آر او لینا ہوتا تو عدالتوں میں کیوں پیش ہوتے، یوسف رضاگیلانی

154

ملتان (آن لائن) سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین سید یوسف رضاگیلانی نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی این آراو نہیں چاہتی اگر ہمیں این آراو کی خواہش ہوتی تو ہم عدالتوں میں کیوں پیش ہوتے،تمام ادارے اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کریں تو ملک کو کسی قسم کا خطرہ نہیں ہوگا۔جمعرات کو ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ملتان میں سینئر وکلا کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یوسف رضاگیلانی نے کہاکہ پیپلزپارٹی این آراو نہیں چاہتی اگر ہمیں این آراو کی خواہش ہوتی تو ہم عدالتوں میں کیوں پیش ہوتے۔ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور ان کے فیصلو ں کوتسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب میں وزیراعظم منتخب ہوا تو میں نے اپنے پہلے ہی ایگزیکٹو آرڈر سے ججز کورہا کرنے کے احکامات جاری کیے۔ ملک میں جمہوریت کو مضبوط کرنے میں پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اپنا اہم کردار ادا کیا ہے۔ ملک میں آج جیسی بھی جمہوریت باقی ہے اس میں محترمہ کا بنیادی کردار ہے۔ انہوں نے کہاکہ جو بھی حکومت برسراقتدارآتی ہے اسے عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنا چاہیے کیونکہ برسراقتدارآنے کے بعد جو بھی حکومت اپنے پارٹی منشور پرعمل کرتی ہے وہ کامیاب حکومت تسلیم کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دورحکومت میں مہنگائی بہت زیادہ ہوگئی ہے جس پر قابو پانا حکومت کے لیے مشکل ہوچکا ہے۔