امریکی وزیر خارجہ کا ایرانی رہبر اعلیٰ کے ٹوئٹ پر سخت جواب

496

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ نے ایک بار پھر ایران سے متعلق امریکی انتظامیہ کے سخت موقف کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ تہران پر انتہائی دباؤ کی پالیسی جاری رہے گی۔ پومپیو نے اپنی ٹوئٹ میں ایرانی رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای کی جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے ٹوئٹ کی تصویر شیئر کی، جو انہوں نے 2 روز قبل کی تھی۔ پومپیو نے سوشل میڈیا پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ امریکا دنیا میں دہشت گردی کے سب سے بڑے سرپرست کو اس بات کی اجازت ہر گز نہیں دے گا کہ وہ دنیا کے خطرناک ترین ہتھیار حاصل کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جی ہاں! ہم آپ کو باز رکھ سکتے ہیں اور ہم ایسا کریں گے۔ پومپیو نے کہا کہ ایران دعویٰ کرتا ہے کہ وہ جوہری ہتھیاروں کے حصول کے لیے کوشاں نہیں مگر ساتھ ہی وہ اپنے جوہری پروگرام سے دنیا کو دھمکاتا ہے۔ تمام ممالک کو اس نظام کی بلیک میلنگ کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہو جانا چاہیے۔ واضح رہے کہ علی خامنہ ای نے منگل کے روز ٹوئٹر پر جوہری ری ایکٹر کی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے اس پر تبصرے کے طور پر لکھا تھا اگر ایران نے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا اردہ کر لیا تو کوئی اسے روک نہیں سکتا، تاہم انہوں نے اس بات کا عندیہ دیا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش نہیں کر رہا۔