چیف جسٹس کے سخت ریمارکس‘ سابق ونگ کمانڈر بیہوش(روسٹرم پر گرپڑے)

406

اسلام آباد (آن لائن)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کے سخت ریمارکس پر سابق ونگ کمانڈر بے ہوش ہوکر روسٹرم پر گرپڑے۔ عدالتی کارروائی ملتوی کر کے ڈاکٹر بلا کر احسن طفیل کو ہوش میں لیا گیا۔ جمعرات کو عدالت عظمیٰ میں پنشن سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے کی۔درخواست گزار احسن طفیل نے عدالت کے روبرو موقف اپنایا کہ میری خدمات ائرپورٹ فورس سے بلوچستان حکومت کو دے دی گئی تھیں، بلوچستان حکومت مجھے پنشن نہیں دے رہی، میں نے 27سال حکومت پاکستان کو خدمات دی ہیں۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ خود کو بہت عقل مندسمجھ رہے ہیں، وائس ائر چیف آپ کی خدمات کیسے کسی صوبے کو دے سکتا ہے، کس قانون کے تحت آپ کی خدمات صوبے کو دی گئیں؟ کیا اخبار میں اشتہار دیا گیا تھا آپ کو بلوچستان میں جس عہدے پر بھیجا گیا،اگر ہم نے میرٹ پر بات کی تو آپ کی بلوچستان میں نوکری غیر قانونی قرار پائے گی۔ وکیل بلوچستان حکومت نے اس موقع پر موقف اپنایا کہ احسن طفیل ائر فورس سے ریٹائرمنٹ کے بعد یہ بطور کنٹریکٹ ملازم بلوچستان حکومت میں آئے، ونگ کمانڈر نے بلوچستان میں صرف سوا سال خدمات انجام دیں، بلوچستان حکومت کی سیمولیٹر کی مہنگی ٹریننگ لینے کے بعد انہوں نے ایک پرائیویٹ ادارے میں شمولیت اختیارکرلی،بلوچستان حکومت کے 21 لاکھ روپے ان کی ٹریننگ پر لگے وہ واپس دلوائے جائیں۔بعد ازاں عدالت عظمیٰ نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو ائر فورس اور بلوچستان حکومت سے معلومات لینے کی ہدایت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 23 اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔