اسلام آباد (آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے اسلام آباد میں لیڈی ہیلتھ ورکرز اور ینگ ڈاکٹرز سمیت احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین کی حمایت کی ہے اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملازمین کے تمام جائز مطالبات بلاتاخیر تسلیم کرے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ترقیاں، مناسب پنشن اور مساوی
مراعات وفاقی حکومت کے ملازمین کے جائز حقوق ہیں اور پیپلز پارٹی اسلام آباد میں اپنے جمہوری حقوق کے لیے پرامن احتجاج کرنے والوں کی حمایت کرتی ہے۔ علاوہ ازیں بلاول زرداری نے منڈی بہا الدین کی تحصیل پھالیہ میں پی پی پی رہنما اور اُس کے ٹکٹ ہولڈر آصف بشیر بھاگت کے گائوں کے محاصرے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عمران نیازی حکومت کو متنبہ کیا ہے کو وہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجائے۔