کراچی(اسٹاف رپو رٹر)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے مہنگائی میں کمی کے لیے ایران سے ٹماٹر اور پیاز کی درآمد کی اجازت دینا خوش آئند ہے۔ اس فیصلے سے آئندہ چند روز میں ملک بھر میںٹماٹر اور پیاز کی قیمتوں کمی آجائے گی کیونکہ ایران سے درجنوں ٹرک پاکستان پہنچ گئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف کیے گئے تمام اقدامات لا حاصل رہے ہیں اس لیے حکومت تمام پڑوسی ممالک سے اشیائے خور و نوش درآمد کرنے کی اجازت دے اور درآمدی نظام کو سہل بنائے تاکہ ان کی قیمتیں بھی کم کی جا سکیں۔ میاں زاہد حسین نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ مہنگائی بے قابو ہو چکی ہے اور قیمتوں پر نظر رکھنے کا نظام ناکام ہو چکا ہے اس لیے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے نیا پرائس کنٹرول مکینزم بنایا جائے اور معیشت کے مسلمہ اصولوں سے انحراف نہ کیا جائے۔مہنگائی میٹنگز، بیانات اور سماجی رابطے کی ویب سائیٹس پر بیانات اور ٹاک شوز میں شرکت سے نہیں جائے گی بلکہ اس کے لیے حکومت کو تمام وسائل بروئے کار لانا ہوں گے۔ منڈیوں کے لیے ایک مستحکم متوازن اور موثر نظام کی ضرورت ہے جو کاروباری برادری کے ساتھ عوام کے مفادات کا تحفظ کرنے کے قابل ہو۔ سبزی منڈیوں اور فروٹ منڈیوں کی کڑی نگرانی کی جائے اور قیمتوں پر منفی انداز میں اثر ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے ۔