کوئٹہ،اسمنگلی روڈ پر دستی بم حملے میں 7 افراد زخمی

199

کوئٹہ(خبر ایجنسیاں)صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے اسمنگلی روڈ پر دستی بم کے حملے کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کا کہنا تھا کہ نامعلوم شرپسندوں نے علاقے میں کام کرنے والے مزدوروں پر دستی بم پھینکا جس کے پھٹنے سے 7 شہری زخمی ہوئے جن میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔ادھر واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو حکام موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔زخمیوں سے متعلق سول ہسپتال کے ترجمان وسیم بیگ نے تصدیق کی کہ 5 زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا۔دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اسمنگلی روڈ کوئٹہ پر دستی بم حملے کی شدید مذمت کی اور متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔انہوں نے کہا کہ بے گناہ افراد کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ساتھ ہی انہوں نے ہدایت کی کہ دستی بم حملے میں زخمی ہونے والوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔