نواب شاہ (سٹی رپورٹر) نوابشاہ کے نزدیک سکرنڈ ایکسائز چیک پوسٹ پر چیکنگ کے نام پر ٹرالر ڈرائیور سے 20 ہزار روپے رشوت طلب کرنے پر ڈرائیور نے خود پر تیل چھڑک کر آگ لگالی‘ حالت تشویشناک، ایکسائز عملہ چیک پوسٹ چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق کے سکرنڈ کے قریب نیشنل ہائی وے صابو راہو کے مقام پر ایکسائز چیک پوسٹ پر عملے نے وزیرستان سے آنے والے ٹرالر کو روکا، چیکنگ کے دوران جب ڈرائیور سے مبینہ رشوت طلب کی تو ڈرائیور نے رشوت دینے سے انکار کرتے ہوئے خود پر تیل چھڑک کر آگ لگالی جس سے وہ بری طرح جھلس گیا، اسے فوری طور تشویشناک حالت میں تعلقہ اسپتال سکرنڈ منتقل کیا گیا جہاں علاج کی سہولت نہ ہونے کے سبب اسے حیدرآباد اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اسکی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جبکہ واقعہ کے بعد ایکسائز عملہ چیک پوسٹ چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اعلیٰ حکام نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے چیک پوسٹ پر ڈیوٹی دینے والے عملے کو معطل کر دیا ہے۔