ٹھٹھہ(نمائندہ جسارت)محکمہ صحت ٹھٹھہ کے ملازمین کے مسائل حل نہ ہونے کے خلاف سول اسپتال مکلی کے ڈاکٹرز اور دیگر اسٹاف نے ٹوکن ہڑتال کرکے احتجاج کیا۔ احتجاج کے دوران او پی ڈی سمیت دیگر وارڈ میں ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینے والے عملے نے احتجاجاً کام چھوڑ ہڑتال کردی جس کی وجہ سے دوردراز کے علاقوں سے آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر محکمہ صحت کے ملازمین کے رہنما، گرینڈ ہیلتھ الائنس کے رہنما ڈاکٹر محمود، ڈاکٹر ذوالفقار، عبدالکریم بھانڈ، حاجی اشرف خشک، حاجی اسد خشک، حاجی ابراہیم سمیجو،منظور علی چانڈیو، معشوق پنہور، قادر ہالواور علی خاصخیلی ودیگرنے سول اسپتال مکلی کے گیٹ کے سامنے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ محکمہ صحت کے ملازمین کے جائز مسائل حل کرنے کے بجائے ٹال مٹول کررہی ہے جس کی وجہ سے ملازمین میں بے چینی بڑھنے لگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سروس اسٹریکچر، ٹائم اسکیل، رسک الائونس، تیس فیصد ہیلتھ پروفیشنل الائونس اور ریکوری لیٹر جیسے پرانے مطالبات کے حل کیلیے ملازمین مسلسل احتجاج کررہے ہیں لیکن حکومت نے جائزمطالبات کو بھی نظرانداز کر رکھا ہے جوکہ سراسرناانصافی ہے، چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل کرنے کے لیے محکمہ صحت کے ملازمین کا مسلسل احتجاج جاری ہے لیکن محکمہ صحت سندھ ملازمین کے مسائل حل کرنے کے بجائے ٹال مٹول کرکے ملازمین میں بے چینی پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا ملازمین کے مسائل کے حل نہ ہونے تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔