بارہ اکتوبر کو جمہوریت پر شب خون مارا گیا‘ شاہد خاقان عباسی

160

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ن لیگ کے سینئر نائب صدر، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ 12 اکتوبر کو جمہوریت پر شب خون مارا گیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا چور عمران خان ہے۔ محمد زبیر نے کہا کہ ہم نواز شریف کی نااہلی سے متعلق عدالت عظمیٰ کے فیصلے کونہیں مانتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے سائٹ ایریا کراچی میں 12 اکتوبرکی مناسبت سے منعقدہ ورکرزکنونشن اورجلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کراچی کی گلیوں میں علما شہید ہوںگے تو ملک میں امن قائم نہیں ہوسکتا‘ 12 اکتوبر کو جمہوریت پر شب خون مارا گیا جس کا خمیازہ قوم آج تک بھگت رہی ہے‘ ملک میں خرابی نواز شریف کے بیانیے سے درست ہوگی‘ ہمارا بیانیہ اصول کی سیاست کا ہے‘ ملک میں حقیقی جمہوریت لائیں گے‘ ہم گرفتاریوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں‘ کابینہ میں بیٹھے وزیر ملک کو لوٹ رہے ہیں‘ آٹے اور چینی کی قیمتیں دگنی کر دی گئی ہیں۔ سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں ملک میں امن قائم ہوا‘ مشرف نے ڈالرز کے عیوض لوگوں کو بیچا‘ نئے پاکستان میں ملک عالمی سطح پر کمزور ہوا ‘ کشمیر کا سودا ہوگیا اور جعلی وزیراعظم عمران خان ہمیں غداری کا سرٹیفکیٹ بانٹ رہے ہیں‘ ملک کا سب سے بڑا چور اور کرپٹ انسان عمران خان ہے۔ سابق گورنر سندھ محمد زبیرنے کہا کہ 18 اکتوبرکو لیگی کارکنوں کو گھر سے نکلنا ہے اور ائرپورٹ پر مریم نواز کا استقبال کرناہے‘ہم نواز شریف کی نااہلی سے متعلق عدالت عظمیٰ کے فیصلے کو نہیں مانتے۔ سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ موجودہ حکومت آٹا اور چینی چور ہے‘ عمران خان نے چوری کی ابتدا ہمارے ووٹ چوری کرکے کی‘ عمران خان کہتے تھے کہ پیٹرول، ڈالر اور اشیا خوردونوش کی قیمت بڑھے تو سمجھو وزیر اعظم چور ہے۔