موسمیاتی تغیر سے چترال، گلگت بلتستان کو زیادہ خطرہ ہے، ملک امین

103

پشاور (آن لائن) وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت موسمیاتی تبدیلی سے متاثر ممالک میں پانچویں نمبر پر ہے، ملک میں موسمیاتی تبدیلی سے چترال اور گلگت بلتستان سب سے زیادہ متاثر ہوئے جہاں انفرا اسٹرکچر اور انسانی آبادی کو گزشتہ سالوں میں بہت ہی زیادہ نقصان پہنچا ہے اور موسمیاتی تغیر کے خطرات ان علاقوں پر منڈلا رہے ہیں لیکن وزیر اعظم کے وژن کے مطابق ان قدرتی آفات کے اثرات اور نقصانات کی شدت کم کرنے کیلیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے جس کے مثبت اثرات بھی مرتب ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے عالمی دن کے موقع پر چترال میں یو این ڈی پی کے گلوف پروجیکٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے خطرے کی زد میں رہنے والی کمیونٹیز کی امپاورمنٹ کی جارہی ہے اور 6 ارب روپے کے اس پروجیکٹ کے تحت 24 وادیوں میں 40 دیہات میں ہر کمیونٹی کو 50 ہزار ڈالر کی گرانٹ دی جارہی ہے جس سے وہ اپنی مقامی ضرورت اور تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیزاسٹروں کے اثرات سے نمٹنے کیلیے اسٹریٹجی مرتب کرکے اسے عملی جامہ بھی خود پہنائیں گے۔