لاہور( نمائندہ جسارت )سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف نے کہاہے کہ جماعت اسلامی آج پورے ملک میں کراچی کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے’’ یوم یکجہتی کراچی‘‘ منارہی ہے ۔ یوم یکجہتی کراچی کے سلسلے میں اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں ، پنجاب ، سندھ ، خیبرپختونخوا ، بلوچستان اور آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں کراچی کے حقوق کے تحفظ کے لیے بڑی بڑی ریلیاں ، جلسے جلوس ، سیمینارز اور کانفرنسز منعقد کی جائیں گی ۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اور کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن اسلام آباد میں عوامی ریلی کی قیادت کریں گے ۔ سندھ اسمبلی کے رکن سید عبدالرشید اور لاہور کے امیر ذکر اللہ مجاہد لاہور میں ریلی کی قیادت کریں گے ۔ صوبائی امرا محمد حسین محنتی ، مولانا عبدالحق ہاشمی ، جاوید قصوری ، سینیٹر مشتاق احمد خان ، ڈاکٹر طارق سلیم اور رائو ظفر اقبال بھی حقوق کراچی ریلیوں سے خطاب کریں گے ۔