سراج الحق سے افضل میو کی ملاقات ، عبدالغفار عزیز کی وفات پر تعزیت

142

لاہور ( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے میو اتحاد پاکستان کے چیئرمین افضل خان میو کی قیادت میں وفد نے منصورہ میں ملاقات کی ۔ وفد میں صدر میواتی اتحاد کراچی عبدالشکور ، صدر میواتی اتحاد صوبہ سندھ شوکت علی ،صدر میواتی اتحاد حیدر آباد عبدالعزیز ، وائس چیئرمین پاکستان میواتی اتحاد شہاب الدین شامل تھے ۔ وفد نے نائب امیر جماعت اسلامی عبدالغفار عزیز ؒ کی وفات پر سینیٹر سراج الحق سے اظہار تعزیت کیا اور ان کی مغفرت کے لیے دعا کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میو اتحاد پاکستان کے چیئرمین افضل خان میو نے ملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد کو سراہا اور کہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کے مسائل اور مشکلات کے حل کے لیے مؤثر اور جاندار کردار ادا کیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ میو برادری جماعت اسلامی کی قومی خدمات کو قد ر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔ ہم جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں اور ملک و قوم کی خدمت کے لیے جماعت اسلامی کے منشور کی حمایت کرتے ہیں ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے میو برادری کے نمائندہ وفد کی کراچی سے منصورہ آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ میو برادری نے قیام پاکستان کی جدوجہد میں ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں جو ہماری قومی تاریخ کا سنہری باب ہے ۔ میو برادری نے لاکھوں کی تعداد میں پاکستان کے لیے ہجرت کی ۔ قیام پاکستان کے بعد میو برادری نے پاکستان کے استحکام ترقی و خوشحالی کو ہمیشہ اپنا مقصد بنائے رکھا ۔ سراج الحق نے کہاکہ میو برادری اسلام اور پاکستان کے ساتھ بے پناہ محبت کرنے والی قوم ہے ۔ انہوںنے امید ظاہر کی کہ ملک بھر کی میواتی برادری ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے جماعت اسلامی کا دست و بازو بنے گی ۔