دنیا آج پاکستان کو مسائل کا حل سمجھ رہی ہے،شاہ محمود قریشی

144
اسلام آباد، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی میڈیا سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا آج پاکستان کو مسائل کا حل سمجھ رہی ہے‘ افغان عمل میں مشکلات کے باعث پاکستان پر الزامات لگائے گئے لیکن ہمارے ٹھوس بیانیے سے غلط فہمیاں دور ہوگئیں اور آج مسئلے کے حل کے لیے پاکستان کی طرف دیکھا جا رہا ہے‘ کل جو ہم پر انگلیاں اٹھاتے تھے‘ آج پاکستان کی تعریفیں کررہے ہیں‘عالمی برادری کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی پر پاکستان کے بیانیے کی معترف ہے‘ ڈیجیٹل ڈپلومیسی جدید دور کا تقاضا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہاکہ ڈیجیٹل ڈپلومیسی جدید دور کا تقاضا ہے اس کی ضرورت روز بروز بڑھ رہی ہے‘ فارن ڈپلومیسی کو کامیاب بنانے کے لیے میڈیا انتہائی اہم کردارادا کرسکتا ہے‘ سوشل میڈیا کے ہمارے نظام زندگی پر واضح اثرات مرتب ہو رہے ہیں‘ ہم نے فارن آفس میں ایک اسٹرٹیجک کمیونی کیشن ڈویژن قائم کیا ہے جس کا مقصد کمیونی کیشن اسٹرٹیجی نہ صرف مرتب کرنا بلکہ اس پر عملدرآمد کرنا بھی ہے اور ایک بیانیے کو ابھارنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 9/11 کے بعد بھارت نے کشمیریوںکی تحریک کو دہشت گردی کا رنگ دینے کی کوشش کی‘الحمد اللہ پاکستان عالمی سطح پر کشمیر سے متعلق مذموم بھارتی بیانیے کے سدباب میں کامیاب رہا‘ آج عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے بیانیے کی معترف ہے۔