ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ٹھٹھہ کے نجی اسکول کے پرنسپل کا طالب علم پر تشدد، ٹانگ کی ہڈی توڑ دی، پرنسپل کو فوری برطرف کیا جائے، عوامی مطالبہ۔ ٹھٹھہ سیمنٹ فیکٹری کے ماڈل تربیت اسکول کے پرنسل اکرم اللہ شریف جوکہ اثر و رسوخ شخصیات کے کہنے پر اسکول میں پرنسپل بنائے گئے ہیں نے اسکول کے ایک شاگرد پر تشدد کرکے ٹانگ کی ہڈی توڑ دی۔ طالب علم کاشف میمن کے مطابق پرنسپل نے بال نہ کٹوانے پر مجھ پر بے پناہ تشدد کیا اور ڈنڈے سے مار کر میری ٹانگ کی ہڈی توڑ دی۔ پرنسپل اس قسم کے ظلم اکثر کرتا رہتا ہے۔ دوسری طرف ٹھٹھہ کی سماجی، مذہبی اور سیاسی جماعتوں اور شہریوں نے ٹھٹھہ سیمنٹ فیکٹری انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اثر و رسوخ کی بنیاد پر مقرر کیے جانے والے پرنسپل کیخلاف سخت کارروائی کرکے فوری اسکول سے ہٹایا جائے، ورنہ سڑکوں پر احتجاج کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پرنسپل نے دو روز قبل طالب علم کاشف میمن پر تشدد کرکے ٹانگ کی ہڈی توڑ دی تھی۔