ام رباب اہلخانہ قتل کیس، چیف جسٹس ملزمان کی عدم گرفتاری پر برہم

204

اسلام آ باد (آن لائن) عدالت عظمیٰ نے ام رباب چانڈیو کے اہلخانہ قتل پر ازخودنوٹس کیس کی سماعت کے دوران ملزمان کی عدم گرفتاری پر شدید اظہار برہمی کیا جبکہ ڈی جی ایف سی بلوچستان سمیت ڈی جی رینجرز سندھ اور آئی جی سندھ کونوٹس جاری کردیے۔کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کی۔ دوران سماعت جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ کیا ملزمان پولیس اور ریاست سے زیادہ طاقتور ہیں؟ کیا حیدرآباد پولیس کی ساری نفری بے کار ہے؟پولیس کے بڑے بڑے افسر ملزمان کے سامنے بے بس ہیں،پولیس افسران دفاتر سے باہر ہی نہیں نکلتے، چیف جسٹس نے ایک موقع پر ڈی آئی جی حیدرآباد نعیم شیخ کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ خود کبھی ملزمان کو گرفتار کرنے گئے ہیں؟ ملزمان کے پیچھے نہ جانے اور دفتر بیٹھنے پر آپ سے نمٹتے ہیں۔ ڈی آئی جی حیدرآباد نعیم شیخ نے اس موقع پر عدالت کو بتایا کہ انہوں نے جگہ دیکھی ہوئی ہے کبھی ملزمان کے پیچھے نہیں گیا۔ بعد ازاں عدالت عظمیٰ نے 3 ہفتوں میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔