چین کا ایرانی جوہری معاہدے پر نئے فورم کا مطالبہ

263

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین نے 2015ء کے عالمی جوہری معاہدے پر ایران کی حمایت کرتے ہوئے ایک نئے فورم کی تشکیل کا مطالبہ کردیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق چین کے شہر ٹینگ چونگ میں وزیر خارجہ وانگ ژی نے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے ملاقات کی،جس میں رہنماؤ ں نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران چینی وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں تناؤ کو ختم کرنے کے لیے کثیر الجہت فورم کا مطالبہ کیا، جس میں بڑے ممالک شریک ہوں اور خطے میں امن کی راہ ہموار کی جاسکے گی۔ اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ نے 2015 ء میں عالمی قوتوں کے ساتھ طے پانے والے عالمی جوہری معاہدے کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا، جس پر چینی وزیر خارجہ نے بھی جوہری معاہدے پر بیجنگ کی بھر حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ وانگ ژی نے امریکا کی جانب سے یک طرفہ طور پر عالمی جوہری معاہدے سے دستبرداری کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو معاہدے کے دیگر رکن ممالک کی رائے کا بھی احترام کرنا چاہیے تھا۔ دوسری جانب ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی (آئی اے ای اے ) کے ڈائریکٹر جنرل رافائیل گروسی کا کہنا ہے کہ ایرانیوں نے یورینیم افزودگی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تہران حکومت مقررہ مقدار سے تجاوز میں ہر ماہ اضافہ کرتی جارہی ہے۔ ادھر ایران نے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کی تردید کی ہے۔