اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید نے اعتراف کیا ہے کہ مہنگائی حکومت کی سب سے بڑی دشمن ہے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے معاملے پر پاکستان کے عوام کا وزیر اعظم عمران خان سے اختلاف ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سے لوگوں کو نفرت نہیں، مہنگائی کے سبب اختلاف ضرور ہے لیکن وہ مہنگائی کو ختم کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی پوری کوشش کی
جارہی ہے، اگر اس سال تک مہنگائی پر قابو نہ پایا گیا تو یہ اختلاف مزید بڑھے گا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان نے بہت کچھ سیکھا ہے، بہت سے وزرا ناتجربہ کار بھی ہیں، میں نے کابینہ اجلاس میں دوائیوں کی قیمت کے بارے میں بات کی، میں غریب کی بات کرتا ہوں اورکرتا رہوں گا۔خیال رہے کہ ملک بھر میں مہنگائی آسمان پر پہنچ گئی ہے اور اشیائے صرف کی قیمتوں میں بے انتہا اجافہ ہوگیا ہے۔ آٹا، دالیں، چینی، سبزی اور گوشت سمیت کوئی بھی چیز سرکاری نرخ پر دستیاب نہیں اور سستے باز ار بھی مہنگے ہوگئے جبکہ دکانداروں نے سرکاری ریٹ لسٹ ہوا میں اڑادی ہے۔