کراچی(نمائندہ جسارت)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ نا اہل سلیکٹڈ حکومت ملک و عوام پر بوجھ بن چکی ہے، پی ڈی ایم کے ذریعے نااہل حکومت کا خاتمہ کریں گے۔ وہ بلاول ہاؤس میں کراچی کو آرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کررہے تھے۔ اجلاس میں حکومت مخالف تحریک کے ضمن میں شہر قائد میں سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین پی پی بلاول زرداری نے کہا کہ تحریک انصاف کی عوام میں جڑیں نہیں ہیں۔ انہوں نے الزام عاید کیاکہ پی ٹی آئی کی حکومت میرٹ کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔چوری کے ووٹوں سے بنائی گئی حکومت زبردستی عوام پر مسلط کی گئی ہے۔ 18 اکتوبر کو یوم شہدائے کارساز کے موقع پر ہونے والا پی ڈی ایم کا جلسہ عوامی ریفرنڈم ثابت ہو گا۔