گوجرانوالہ جلسے پر گرفتاریاں ہوئیں تو شدید رد عمل دینگے،رانا تنویر

457

شیخوپورہ (صباح نیوز) چیئرمین پارلیمانی پبلک اکاونٹس کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ جلسہ تاریخی ہوگا مریم نواز، بلاول اور دیگر قیادت خطاب کرے گی۔ گوجرانوالہ جلسہ پر حکومت نے گرفتاریاں کیں تو شدید رد عمل دیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ جلسے سے شاید میاں نواز شریف خطاب نہ کریں، ملک کے حالات جہاں پہنچ گئے نواز شریف خاموش نہیں رہ سکتے تھے ہم چاہتے ہیں حکومت 5 سال پورے کرے مگر عوام کا جینا مشکل نہ بنائے ۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ جلیل شرقپوری سمیت 6 ارکان ڈیڑھ سال سے حکومت سے رابطہ میں تھے۔ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے۔ پارٹی میں بیٹھ کر مؤقف بیان کرتے ان لوگوں کو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر نوٹس دیدیا ہے۔ آرمی چیف نے درست کہا ہے بھارت نے ہائبرڈ وار شروع کررکھی ہے۔ بھارت جانتا ہے پاک فوج دنیا کی سب سے بہترین فوج ہے۔ بھارت پاک فوج کی طاقت اور مہارت کئی محاذ پر دیکھ چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے مسئلے پر حکومت کی خارجہ پالیسی ناکام ہے۔ مودی کے منشور میں شامل تھا کشمیر کس طرح ہڑپ کرنا ہے۔میاں نواز شریف کی بیماری پر حکومت کا بات کرنا کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادت ہے۔