حالات تشویشنا ک ہیں ،ملک آئین کے تحت چلایا جائے،احسن اقبال

132

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکر ٹری جنرل اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ جمہوری اور آئینی پاکستان پر یقین رکھتے ہیں، ملک کو آئین کی روشنی میںچلایا جائے۔ اس وقت پاکستان کے حالات بہت تشویشنا ک ہیں اسی وجہ سے پاکستان تمام اپوزیشن مشترکہ ایجنڈے پر متفق ہوئی ہے،چونکہ اس ریاست کو ایک جبر کی ریاست بنایاجارہا ہے جہاں پر لوگوں کے بنیادی حقوق کو پامال کیا جارہا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نااہل حکومت کی معاشی پالیسیوں نے عوام کو تقریباً خودکشی کے کنارے لاکھڑا کیا ہے، ملک کی معاشی حالت اس سے زیادہ اور گھمبیر ہو سکتی ہے ،آٹا ملک میں 71 سال میں 34روپے فی کلو تھا جو 2 سال میں 80 روپے کلو تک پہنچ گیا ہے اور اب 100روپے فی کلو تک پہنچنے والا ہے جبکہ 72سال میں چینی 54 روپے کلو تھی جو کہ 115روپے کلو تک پہنچ گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت 90فیصد سے زیادہ لوگ اپنی آمدنی سے باہر رہ رہے ہیں اور اپنے اثاثے بیچنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔نوجوان ڈگریاں لے کر نوکریوں کے لیے دھکے کھارہے ہیں،حکومت کے دعوے لوگوں کو اب سمجھ آرہے ہیں، عمران خان کتنی دیر تک میں این آر او نہیں دوں گاکا رٹا لگاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہمارے معاشرہ ایک فیصلہ کن موڑپر کھڑا ہے کہ ہم نے اس ملک کو کس سمت میں لے کر جانا ہے۔پی ڈی ایم اسی لیے بنائی گئی ہے کہ ہم پاکستان کے مفادات کی نگہبانی کریں اور حکومت کے اوپر گہری نظر رکھیں۔پی ڈی ایم اپنی تحریک کا 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ سے آغاز کر رہی ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ ملک کے صحافی اور وکلاء بھی ہمارا بھر پور ساتھ دیں گے۔