ملتان(خبر ایجنسیاں)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قوم کو خوشخبری سنائی ہے کہ پاکستان 13 اکتوبر کے ورچوئل اجلاس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گِرے لسٹ سے نکل جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے شاندار پیش رفت کرتے ہوئے ایف اے ٹی ایف کے 27 میں سے 21 نکات پر عمل کرلیا ہے۔ ملتان میں شجاع آباد روڈ پر ترقیاتی کاموں کے افتتاح اور تاجر کنونشن میں تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
نے کہا کہ اپوزیشن کو کورونا وبا اور معیشت کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اداروں پر نقطہ چینی دشمن کے ایجنڈے کو تقویت دینے کے مترادف ہے، مجھے امید ہے اپوزیشن دشمن کو تقویت نہیں دے گی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ 13 اکتوبر کو ہونے والے ورچوئل اجلاس میں پاکستان گرے لسٹ سے نکل کر وائٹ لسٹ میں آئے گا۔ان کا کہنا تھا کہہ اپوزیشن کا اتحاد غیر فطری ہے ، یہ ساتھ رہ ہی نہیں سکتے اگر یہ اسمبلی سے استعفے دیں گے تو نئے الیکشن کرا دیں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے الیکشن کو متنازع بنانے کی کوشش نہ کی جائے، گلگت بلتستان سے سی پیک کا راستہ ہو کر گزرتا ہے، وہاں شرپسندی دشمن کی خواہش ہے۔انہوں نے کہا کہ میری اپوزیشن سے درخواست ہے کہ اگر عوام کا درد ہے تو اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں۔