(عمران گرفتاریوں کی دھمکیاں دے رہے ہیں)جیل بھرو تحریک شروع کی تو قید خانے کم پڑجائیں گے‘ بلاول

397

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئر مین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہعمران گرفتاریوں کی دھمکیاں دے رہے ہیں،جیل بھرو تحریک شروع کی تو قید خانے کم پڑجائیں گے۔ہفتے کو کراچی بار میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ جب تک ہماری پارلیمنٹ ربڑ اسٹیمپ رہے گی اس وقت تک ہم اپنے عوام کے مسائل حل نہیں کر سکیں گے، عمران خان پاکستان کی تاریخ کے نااہل ترین وزیر اعظم ہیں لیکن وہ دن دور نہیں جب ہم اس نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ وزیر اعظم کو گھر بھیج دیں گے، حکومتی انتقام کے خلاف آج بھی جمہوری قوتوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اگر قائد حزب اختلاف کو پارلیمان میں بولنے کی اجازت نہیں ہوگی تو ہمیں مجبوراً نکلنا ہو گا، جب عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے تو ہم سڑکوں پر آئیں گے،وکلا نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر تحریکیں چلائی ہیں اور اس حکومت اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف بھی وکلا جمہوری قوتوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔علاوہ ازیں بلاول زرداری سے ہفتے کو بلاول ہائوس میں (ن) لیگ کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملاقات کی۔نوید قمر اور مفتاح اسماعیل بھی موجود تھے۔بلاول کو شاہد خاقان نے 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کے جلسے میں خطاب کی دعوت پہنچائی۔بلاول نے مریم نواز کے لیے 18 اکتوبر کو کراچی میں پی ڈی ایم کے جلسے میں خطاب کی دعوت دی۔