قصور کی زینب کے بعد چارسدہ کی زینب، زیادتی کے بعد قتل

818

چارسدہ کی ڈھائی سالہ زینب کوزیادتی کے بعد قتل کردیا گیا، قریبی کھیتوں سے لاش ملنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا جبکہ پولیس ملزمان کوتلاش کررہی ہے اور فرانزک ٹیسٹ کیلئے نمونے بھجوائے جاچکے ہیں ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قصور کی7سالہ زینب کے بعد چارسدہ کی ننھی زینب بھی درندہ صفت انسان نما بھیڑوں کی بھینٹ چڑھ گئی، معصوم بچی کواغوا ءکرکے زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔

تفصیلات  کے مطابق   زینب گھرکے سامنے کھیل رہی تھی جب اسے اغوا ءکیا گیا، گھروالوں نے بہت ڈھونڈا لیکن کہیں نہ ملی تو مقامی  تھانہ پڑانگ میں گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی گئی۔

 ننھی زینب کی لاش قریبی کھیتوں سے ملی اور اسکو فورا ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل  کردیا گیا جبکہ   میڈیل آفیسرڈاکٹرمیمونہ کے مطابق پوسٹمارٹم اور میڈیلی رپورٹ میں بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے اور سفاک ملزمان نے بچی کوتیزدھار آلےسےقتل کیا۔

پولیس کے مطابق واقعے سے علاقے میں خوف اور غصےکی لہر دوڑ گئی ہے اور پولیس کی تفتیش جاری ہےلیکن نامعلوم سفاک قاتل ابھی تک نہیں پکڑے جاسکے جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ڈھائی سالہ زینب سےزیادتی کےواقعے کانوٹس لے لیا ہے اور  آئی جی پشاورکو ملزمان کی فوری گرفتاری کاحکم دیتے ہوئے تمام تفصیلات سے اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

میڈیا کے مطابق  وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے یقین دلایا ہے کہ افسوسناک واقعے میں ملوث افراد کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔

دوسری جانب  کراچی کے علاقے عیسی نگری کی رہائشی 5 سالہ مروہ زیادتی اورقتل کیس کی تفتیش جاری ہے جبکہ ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کا کہنا تھا کہ 15 مشتبہ افراد کے نمونے ڈی این اے لیب بھجوادیئے ۔