سعودی عرب کی سالمیت کے لیے ساتھ کھڑے ہیں، شاہ محمود قریشی

256

اسلام آباد(اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تعلقات گہرے اور تاریخی نوعیت کے ہیں،سعودی عرب کی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہم سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بدھ کو اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تعلقات گہرے اور تاریخی نوعیت کے ہیں، اہم علاقائی اور عالمی امور پر دونوں ممالک کے موقف میں پائی جانے والی مماثلت خوش آئند ہے،دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کی دل کھول کر معاونت کی۔شاہ محمود قریشی نے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی تنصیبات پر ہونیوالے حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ حرمین کا تقدس ہمارے ایمان کا حصہ ہے، سعودی عرب کی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہم سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں،دونوں وزرائے خارجہ نے اہم علاقائی و عالمی امور پر مشاورتی سلسلے کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔علاوہ ازیںوزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بدھ کو اپنے ترک ہم منصب میولوت چاوش اولو کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں وزرا ئے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے کہا کہ اہم علاقائی و عالمی امور کے حوالے سے پاکستان اور ترکی کے موقف میں مماثلت خوش آئند ہے۔وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ترکی کی جانب سے مسلسل واضح اور دو ٹوک موقف اپنانے پر ترک وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ترک وزیر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کی کاوشوں سمیت خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی و باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورتی سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔وزیر خارجہ کی طرف سے ترک وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی گئی ۔دوسری جانب وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نیبدھ کو کینیا کی وزیر خارجہ رچل اومامو کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ بات چیت کے دوران دوطرفہ تعلقات، تجارتی و اقتصادی تعاون کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انگیج افریقا پالیسی ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، پاکستان اور افریقی ممالک کے مابین کثیر الجہتی شعبوں میں دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور کینیا کے مابین کثیر الجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ انگیج افریقا پالیسی ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر خارجہ نے پاکستان، افریقا ٹریڈ کانفرنس کی میزبانی پر کینیا کی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ کی اپنی کینیائی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔کینیا کی وزیر خارجہ نے ٹیلیفونک رابطے اور دورہ پاکستان کی دعوت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح کیا کہ وبائی صورتحال معمول پر آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر کینیا کے صدر اوروہ بھی پاکستان کا دورہ کریں گے۔