سود ، مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف مہم جلد شروع کریں گے، سراج الحق

422

لاہور ( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے منصورہ میں ہونے والے جماعت اسلامی کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجموعی ملکی صورتحال پر گہر ی تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہاہے کہ جماعت اسلامی سودی معیشت اور مہنگائی و بے روزگاری سے نجات کے لیے عوام کو منظم کرے گی اور آئندہ جمعے کوملک بھر کی مساجد میںسود کے خاتمے کے لیے رائے عا مہ کو ہموار کیا جائے گا۔ حکومت نے نااہلی کے سارے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔روزانہ لاکھوں کی تعداد میں عوام غربت کی لکیر سے نیچے جارہے ہیں۔ کورونا کی مصیبت سے زیادہ حکومتی آفت نے لوگوں سے روزگار چھین لیاہے اور انہیں بے روزگاری اور مہنگائی کی دلدل میں دھکیل دیاہے۔ سودی معیشت نے ضروریات زندگی عوام کی پہنچ سے دور کر دی ہیں۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل امیر العظیم ، نائب امرا ، ڈپٹی سیکرٹریز ، صوبائی امرا اور کراچی و لاہور سمیت بڑے شہروں کے امرا بھی شریک تھے۔ سینیٹر سرا ج الحق نے کہاکہ 73 سال سے ملک پر مسلط اشرافیہ پاکستان کی نظریاتی شناخت کے خلا ف سازشوں میں مصروف ہے۔ پاکستان کو اس کے نظریے سے محروم کرنے ، قومی وحدت اور یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ حکومت خارجہ محاذ پر تنہائی کا شکار ہوچکی ہے۔ انہوںنے کراچی کی صورتحال کو انتہائی مخدوش قرار دیتے ہوئے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں کراچی کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کے بجائے اختیارات کی چھینا جھپٹی اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں لگی ہوئی ہیں۔ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور کراچی کے حقوق کے لیے مسلسل آواز اٹھاتی رہے گی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اسلام آباد میں اپنے حقوق کے لیے سرکاری ملازمین احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے زندہ رہنے کا حق مانگ رہے ہیں لیکن حکومتی پابندیوں کی وجہ سے میڈیا پر سناٹا ہے۔ انہوںنے کہاکہ میڈیا پر پابندیوں سے حکمرانوں کی نااہلی چھپ نہیں سکتی۔احتجاجی ملازمین پر پولیس کے وحشیانہ تشدد نے جمہوریت کا راگ الاپنے والوں کی قلعی کھول دی ہے۔ انہوںنے کہاکہ برستی ڈانگیں ، آنسو گیس کی شیلنگ اور وحشیانہ لاٹھی چارج نے آمریت کی یاد تازہ کردی ہے۔