اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے دارالحکومت کے میئر شیخ انصر عزیز کے استعفے پر اعتراض لگا دیا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق الیکشن کمیشن نے کہا کہ میئر اسلام آباد نے آئی سی ٹی ایکٹ کے بر خلاف استعفیٰ بھجوایا۔ استعفے میں شیخ النصر عزیز نے متعلقہ طریقہ کار نہیں اپنایا۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ میئر اسلام آباد چیف کمشنر لوکل گورنمنٹ کو استعفیٰ ارسال کریں۔ وزارت داخلہ نوٹی فیکشن الیکشن کمیشن کو ارسال کرے گی۔
الیکشن کمیشن نے میئر اسلام آباد کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔
واضح رہے کہ میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز گزشتہ روز اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے جب کہ عہدے کی مدت میں ابھی 4 ماہ باقی تھے۔
ایم سی آئی کے ترجمان نے میئر اسلام آباد کے مستعفی ہونے کی تصدیق کی تھی۔
اس سے قبل میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کے خلاف دو بار ریفرنس دائر کرکے انہیں عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔ دونوں مرتبہ عدالت نے انہیں عہدے پر بحال کیا۔
ان کے خلاف نیب میں بھی کرپشن کے کیسز چلے۔ میئر اسلام آباد نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا مراسلہ یکم اکتوبر کو چیف الیکشن کمشنر کو ارسال کیا تھا۔