لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے اشتہاری و روپوش 5 ملزمان کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی ہے۔ تفصیلات کے عاقل پولیس نے دوران چیکنگ گھاڑ واہ کے قریب منشیات فروش پنہل شیخ کو ایک کلو چرس سمیت اور تعلقہ تھانے کے مقدمے میں اشتہاری ملزم حسن ڈونگرو کو، ہٹڑی غلام شاہ پولیس نے دوران چیکنگ بانھو جتوئی لاڑو سے منشیات فروش ممتاز مہر کو ایک کلو چرس سمیت، ڈوکری پولیس نے روپوش ملزم ساجد ہلیو کو اور فتح پور پولیس نے دوران گشت گاجی ڈیرو لاڑو سے ملزم فاروق مگریو کو چرس سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔دوسری جانب لاڑکانہ شہر کے تھانہ دڑی کی حد دڑی محلہ میں 4 سالہ بچی اسوہ پٹھان کو اغوا کرنے کی کوشش کی جس پر علاقہ مکینوں نے پہنچ کر بچی کو اغوا ہونے سے بچاتے ہوئے ورثاکو اطلاع دی تاہم اغوا میں ملوث ملزمان موٹرسائیکل پر سوار ہوکر فرار ہوگیا۔اس حوالے سے مبینہ اغوا سے بچنے والی بچی اسوہ کے ورثا نے بتایا کہ ہماری بچی کریانہ اسٹور کے قریب کھیل رہی تھی جس کے دوران نامعلوم شخص کی جانب سے اسے اغوا کرنے کی کوشش کی تاہم محلے میں موجودہ دیگر افراد نے پہنچ کر بچی کو اغوا سے بچالیا تاہم اغوا میں ملوث ملزمان فرار ہوگئے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اغوا میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔ رتودیرو شہر کے رہائشی 18 سالا نوجوان محمد مراد بروہی نے گھریلو چپقلش کے باعث خود پر بندوق کے فائر کرکے خودکشی کی کوشش کی جسے ورثا نے زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔اس موقع پر زخمی نوجوان کے ماموں محمد رفیق بروہی نے بتایا کہ محمد مراد کا اپنے ہی گھر والوں سے معمولی بات پر چپقلش ہوئی جس پر انہوں نے خود کو کمرے میں بند کرکے بندوق کے فائر کرکے خودکشی کی کوشش کی جسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا ہے۔ دوسری جانب آخری اطلاع موصول ہونے تک خودکشی کی کوشش کرنے والے نوجوان کا علاج جاری تھا۔