پابندیاں ختم ہوتے ہیں اسلحہ کی خریداری کا ایرانی اعلان

206

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران نے کہا ہے کہ 18 اکتوبر کو اسلحہ کے حصول پر عائد پابندیوں کے خاتمے کے فوری بعد وہ دیگر ممالک سے اسلحہ کی خریداری کے معاہدے شروع کر دے گا۔ تہران میں ایک پریس کانفرنس کے دوران وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا کہ ایران اپنے حقوق اور ضروریات کی تکمیل کے لیے اسلحہ پابندیوں کے خاتمے کے فوری بعد حرکت میں آئے گا۔ روس اور ایران کے درمیان دفاعی سودوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایرانی وزارت دفاع اس حوالے سے تیاری کر رہی ہے۔ ہم اپنی دفاعی ضروریات کے پیش نظر اقدامات کریں گے۔ اس سے قبل ایران میں متعین روس کے سفیر لیون جاگاریان نے کہا تھا کہ ماسکو ایران پر اسلحہ کی پابندی کی پاسداری نہیں کرے گا۔ دوسری جانب ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ امریکا کی ان کے ملک کے ساتھ اقتصادی جنگ مزید اپنے اثر کو برقرار نہیں رکھ سکتی۔ روحانی نے وڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی پابندیوں کے باعث ملک میں روز مرہ کی زندگی کافی حد تک متاثر ہوئی ہے۔ دشمن کا مقصد ہمیں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنا تھا، لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا۔ یہ اقتصادی جنگ اب مزید جاری نہیں رہ سکتی۔ جاری رہی بھی تو ہمارے عوام غیر ملکی عناصر کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے، بلکہ دشمن کو ایسا کرنے پر مجبور کر دیں گے۔