لاہور (نمائندہ جسارت)لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پر جواب نہ آیا تو وزیر اعلیٰ کو طلب کرلیں گے۔ جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے ڈاکٹر اقرار احمد کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ2008ء سے 2016ء تک2 دفعہ وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی تعینات رہا اور پنجاب حکومت کے 2016ء کے اشتہار کے جواب میں وائس چانسلر کے عہدے کے لیے اپلائی کیا۔اس دوران 2سال تک وائس چانسلر کی تعیناتی کے معاملے پر عدالتوں میں کیس چلتا رہا۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے بطور قائم مقام چانسلر میرٹ کے برعکس محمد اشرف کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جبکہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد میرٹ کے مطابق وائس چانسلرکا تقرر کیا جانا تھا۔ درخواست گزارنے بتایا کہ درخواست گزار کا میرٹ لسٹ میں پہلا نمبر آتا ہے لیکن وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت دیگر حکام عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں کررہے۔ استدعا ہے کہ عدالت عثمان بزدار سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پر جواب نہ آیا تو وزیر اعلیٰ کو طلب کرلیں گے۔کیس کی سماعت 12اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ۔