لاہور(نمائندہ جسارت) لاہور کی احتساب عدالت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ کیخلاف آمدن سے زاید اثاثہ جات و منی لانڈرنگ ریفرنس پر عبوری تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔جس میں شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور بیٹی رابعہ عمران کیخلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی وقتی طور پر روک دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ شہباز شریف اپوزیشن لیڈر اور قومی اسمبلی میں ایم این اے ہیں انہیںوقار کے ساتھ کھانا پیش کیا جائے۔کسی اتھارٹی کو ہرگز اجازت نہیں ہے کہ وہ ملزم کی عزت نفس مجروح کریں۔احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے ریفرنس پر گزشتہ سماعت کا منگل کے روز 4 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وزارت خارجہ کی رپورٹ کے مطابق ملزم سلمان شہباز عدالت کے ناقابل ضمانت وارنٹ وصول نہیں کررہا۔ ملزم بیرون ملک میں جان بوجھ کر عدالت کا حکم نامہ موصول نہیں کررہا۔ احتساب عدالت نے سلمان شہباز کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا حکم بھی دے دیا۔ عدالت کے تحریری حکم میں کہا گیا ہے شہباز شریف کی استدعا پر نصرت شہباز اور رابعہ عمران کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی فی الحال روکی جاتی ہے۔