پارک لین،ٹھٹھہ واٹر سپلائی کیسز ،زرداری سمیت 19 ملزمان پر فرد جرم

411
اسلام آباد، سابق صدر آصف زرداری پیشی کے بعد احتساب عدالت سے باہر آرہے ہیں

اسلام آباد/لاہور(نمائندگان جسارت) احتساب عدالت نے سابق صدرمملکت آصف علی زرداری پر مزید 2 نیب ریفرنسز میں فرد جرم عائد کردی۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پارک لین ریفرنس اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس پر سماعت ہوئی ۔ سابق صدر عدالت میں پیش ہوئے جب کہ گزشتہ سماعت پر غیر حاضر ملزم شیر علی بھی عدالت میں پیش ہوا۔دوران سماعت آصف زرداری اور دیگر ملزمان کو پارک لین اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس کی چارج شیٹ دی گئی جب کہ ملزمان کو فرد جرم کی نقول بھی فراہم کی گئیں۔ پارک لین ریفرنس میں 19 اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں کل 15 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی۔ سابق صدرمملکت نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کیسز کا سامنا کریں گے اور اپنا دفاع کریں گے ۔عدالت نے پارک لین ضمنی ریفرنس میں نیب کو 20 اکتوبر اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں 21 اکتوبر کو تین تین گواہ پیش کرنیکی ہدایت کردی۔ عدالت نے نیب کو حکم دیا کہ مقدمات کوثابت کرنے کے لیے شہادتیں پیش کی جائیں۔دوسری جانب لاہور کی احتساب عدالت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، ان کے اہل خانہ سمیت دیگر ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی منی لانڈرنگ کیس میں احتساب عدالت آمد پر لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لگائی گئی رکاوٹوں کو توڑ کر اپنے پارٹی رہنمائوں سے اظہار یکجہتی کے لیے احتساب عدالت کے باہر پہنچ گئی۔اس موقع پرانہوں نے عدالت کے باہر حکمرانوں اور نیب کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔