آمدن سے زائد اثاثے، خورشید شاہ پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

410

سکھر(نمائندہ جسارت)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی،نیب کی جانب سے حتمی ریفرنس دائر کرنیکی استدعا پر سماعت بارہ اکتوبر تک ملتوی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ ،ان کی دو بیگمات ،صاحبزادوں ،داماد صوبائی وزیر اویس شاہ سمیت 18 ملزمان کے خلاف ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زائد آمدن کے اثاثے بنانے کے الزام میں نیب کی جانب سے دائر کردہ ریفرنس کی۔سماعت سکھر کی احتساب عدالت میں ہوئی۔ عدالت نے دونوں وکیلوں کے دلائل سننے کے بعدحتمی ریفرنس داخل کرنے کی اجازت دینے یا نہ دینے کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کرلیا اور سماعت بارہ اکتوبر تک ملتوی کردی۔ خورشید احمد شاہ نے وزیراعظم عمران خان سے کہا ہے کہ وہ اپوزیشن پرجتنے چاہے مقدمات درج کرلیں غداری کے سرٹیفیکیٹ دے لیں، ہم سب کچھ ان کو چھوڑ دیں گے لیکن خدارا ملک کی معیشت کو بہتر بنائیں مہنگائی بے روزگاری پر قابو پاکر عوام کو ریلیف دیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہناتھا کہ غداری کے الزامات لگانا کوئی نئی بات نہیں یہاں پر تو بانی پاکستان کی ہمشیرہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح پر یہ الزام لگایا تھا ۔ملک کے حالات پر بات کرنا اپوزیشن کا کام ہے مگر یہ حکومت ملکی حالات اور معیشت کو بہتر بنانے سے بھاگ رہی ہے جب بھی کوئی بات کرو نئے راگ الاپے جاتے ہیں اس حکومت کا معیشت سے کوئی واسطہ نہیں اور نہ ہی ان سے معیشت بہتر ہوگی