کوئٹہ گللیڈی ایٹر پی ایس ایل میں بلوچستان کو نمائندگی دے ،سینیٹ کمیٹی

218

اسلام آباد (جسارت نیوز )سینیٹ کمیٹی برائے کم ترقی یافتہ علاقہ جات نے کہا ہے کہ اگر پاکستان سپر لیگ میں بلوچستان کے کھلاڑیوں کو نمائندگی نہ دی گئی تو انہیں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کانام استعمال نہیں کرنے دیں گے ۔کمیٹی نے پی سی بی چیئرمین احسان مانی کی اجلاس میںعدم شرکت پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔چیئرمین کمیٹی سینیٹر عثمان کاکڑ نے کہا کہ احسان مانی آئندہ اجلاس میں نہ آئے تو ان کے خلا ف تحریک استحقاق پیش کریں گے ۔ پیر کو سینیٹ کی فنگشنل کمیٹی برائے کم ترقی یافتہ علاقہ جات کا اجلاس چیئرمین سینیٹر عثمان خان کاکڑ کی سربراہی میں پارلیمنٹ لاجز میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اسپورٹس کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر عثمان کاکڑ نے کہا کہ فٹبال فیڈریشن نے ملک کی پوری دنیا میں بدنامی کروائی ہے اور یہ کسی کے انڈر نہیں ہے ،ذاتی لڑائیوں کی وجہ سے ملک میں فٹبال کی کوئی پرموشن نہیں ہو رہی ،کم ترقی یافتہ علاقوں میں ایک بھی ا سٹیڈیم نہیں اور نہ ہی کوئی اکیڈمی ہے، وزارت نے اس حوالے سے کچھ نہیں کیا ،فٹبال بہت سستا کھیل ہے لیکن اس پر بھی کوئی توجہ نہیں دی جاتی۔سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ نے بتایا کہ پی سی بی کو بھی حکومت کی طرف سے کوئی فنڈز نہیں ملتے لیکن فٹبال کے حوالے سے اگر پارلیمنٹ کی طرف سے کچھ کہا جائے گا تو وہ اس پر عمل کریں گے کیونکہ دنیا میں جھنڈا تو پاکستان کاہی نظر آتا ہے ۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور فٹبال فیڈریشن حکومت کے انڈر نہیں آتے ،فٹبال فیڈریشن کو کتنا سالانہ فنڈز ملتے ہیں ،فیفا پاکستان میں کس کو فنڈز دیتا ہے اور کس کام کے لیے فنڈز دیئے جاتے ہیں ،آئندہ میٹنگ میں فیفا کی طرف سے آج تک کتنا فنڈز ملے ہیں اور یہ کہاںخرچ کیے گئے ہیں اس کی تفصیلات کمیٹی کو فراہم کی جائیں۔ا نہوں نے کہا کہ چیئرمین کرکٹ بورڈ کمیٹی کے اجلاس میں کیوں نہیں آئے ،اگر وہ آئندہ میٹنگ میں نہ آئے تو ان کے خلاف تحریک استحقاق لائیں گے ۔